وزیراعظم کی ایس ایم ایز کے لیے بینکوں سے قرض کے حصول کا طریقہ کار آسان بنانے کی ہدایت

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار (ایس ایم ایز) کے لیے بینکوں سے قرض حاصل کرنے کے طریقہ کار کو آسان بنانے کی ہدایت کر دی ہے۔

وزیراعظم نے یہ ہدایات آج اسلام آباد میں ایس ایم ایز کی مالی معاونت سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار ملکی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کے لیے سہولیات فراہم کرنے سے معاشی سرگرمیوں، روزگار اور کاروباری مواقع میں اضافہ ہوگا۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ایس ایم ایز کو مالی وسائل کے حصول، کاروباری دستاویزات کی تیاری اور برآمدی شعبے میں مواقع تلاش کرنے کے لیے مؤثر رہنمائی اور معاونت فراہم کی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ اہل ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی کے لیے پاکستان سنگل ونڈو کے ذریعے دستیاب برآمدی اعداد و شمار، ایکسپورٹ انشورنس اور ڈیجیٹل انوائسنگ کے ذریعے سپلائی چین میں کاروباری اداروں کی شمولیت کو متبادل ضمانت (کولیٹرل) کے طور پر استعمال کرنے پر غور کیا جائے۔

انہوں نے قرضوں کی ضمانت کے لیے ایس ایم ایز کے نقد مالیاتی بہاؤ (کیش فلو) کو بھی متبادل معیار کے طور پر مدنظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

وزیراعظم نے ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی سے متعلق بینکوں کے احتیاطی ضوابط (پرڈینشل ریگولیشنز) کا جائزہ لینے اور مالی معاونت کے عمل کو تیز کرنے کے لیے سرکاری اداروں کے پاس موجود متعلقہ ڈیٹا تک بینکوں کی رسائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ بینک ایس ایم ایز کو صرف قرضوں کی فراہمی تک محدود نہ رہیں بلکہ انہیں لیٹر آف کریڈٹ (ایل سی) اور بینک گارنٹی کے حصول میں بھی سہولت فراہم کریں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ ایس ایم ایز کے لیے قرضوں کی فراہمی کے مقررہ اہداف حاصل کرنے والے بینکوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ بینک ایس ایم ایز کو قرضوں کی فراہمی تیز کرنے کے لیے اپنی ادارہ جاتی صلاحیت بہتر بنانے کے اقدامات کر رہے ہیں۔

بینکوں نے جون 2028ء تک ایس ایم ایز کو مجموعی طور پر 2 ہزار ارب روپے (2 ٹریلین روپے) کے قرضے فراہم کرنے اور قرض حاصل کرنے والے صارفین کی تعداد بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کیا۔

اس ہدف میں 886 ارب روپے کے نئے قرضوں کی فراہمی اور 4 لاکھ 49 ہزار نئے کاروباری قرض داروں کو مالی سہولیات فراہم کرنا بھی شامل ہے۔

↑
Exit mobile version