بسم اللہ الرحمن الرحیم

بین الاقوامی

دو ہفتے بعد ریاض ایئرپورٹ پر پروازیں بحال، حوثیوں کی دوبارہ حملوں کی دھمکی

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں کنگ خالد انٹرنیشنل ایئرپورٹ نے اعلان کیا ہے کہ اتوار 25 اکتوبر سے اس کے دونوں ٹرمینلز سے اندرونِ ملک اور بین الاقوامی پروازیں دوبارہ شروع ہو جائیں گی۔

ایئرپورٹ انتظامیہ کے مطابق، ٹرمینل ون اندرونِ ملک پروازوں جبکہ ٹرمینل ٹو سعودی فضائی کمپنیوں کی بین الاقوامی پروازوں کے لیے مختص ہو گا۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق، پروازوں کی نگرانی کرنے والی ویب سائٹ ’فلائٹ ریڈار‘ کی معلومات سے پتا چلتا ہے کہ اتوار کی صبح ریاض ایئرپورٹ سے ایک طیارہ جدہ کے لیے روانہ ہوا۔

اکتوبر میں یمن کے حوثی جنگجوؤں کے حملوں کے باعث ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بری طرح متاثر ہوا تھا۔ حوثیوں نے 10 اکتوبر کو ہونے والے ایک حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی، جس میں 13 افراد ہلاک اور 300 سے زیادہ زخمی ہوئے تھے۔

پروازیں بحال کرنے کے اعلان کے باوجود حوثیوں کے فوجی ترجمان یحییٰ سریع نے ایئرلائنز، ایئرپورٹ کے عملے اور مسافروں کو ایک بار پھر ریاض ایئرپورٹ استعمال نہ کرنے کی تنبیہ کی ہے۔

انھوں نے کہا کہ ایئرپورٹ بدستور ’غیر محفوظ‘ ہے اور ’فوجی ہدف‘ ہے، جبکہ اس پر حوثیوں کے حملے جاری رہیں گے۔

دوسری جانب سعودی عرب کے محکمہ شہری دفاع نے بتایا ہے کہ اتوار کی صبح قومی ہنگامی نظام کے ذریعے ریاض کے رہائشیوں کو ’ممکنہ خطرے‘ سے آگاہ کرنے کے لیے انتباہ جاری کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button