
صدر طیب اردوان سے اسحاق ڈار کی ملاقات، پاکستان اور ترکیہ کے دیرینہ تعلقات کے فروغ پر زور
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے علاقائی اجلاس آر فور (R4) اور آر فور پلس ای فور (R4+E4) اجلاس کے اختتام پر فرانس، جرمنی، اٹلی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات کی۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی جانب سے صدر اردوان کو نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا۔
نائب وزیراعظم نے گرمجوشی سے میزبانی اور اجلاسوں کے انعقاد پر صدر اردوان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان خصوصی تعلقات، دیرینہ دوستی اور اعلیٰ سطحی تزویراتی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔
صدر رجب طیب اردوان نے وزرائے خارجہ کا خیرمقدم کیا اور آر فور اور آر فور پلس ای فور فارمیٹس کے تحت ہونے والے تبادلۂ خیال کو سراہا۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال پر کھل کر تبادلۂ خیال کیا گیا، جبکہ مسلسل مذاکرات اور سفارتی روابط کی اہمیت پر زور دیا گیا۔















