
کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ مشترکہ آپریشن میں ہلاک
کوہاٹ پولیس لائنز پر خودکش حملے کا ماسٹر مائنڈ ایف آر لکی مروت میں محکمہ انسدادِ دہشت گردی (سی ٹی ڈی) اور سکیورٹی فورسز کے مشترکہ آپریشن کے دوران ہلاک ہو گیا۔
خیبر پختونخوا کے محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے مطابق ہلاک ہونے والے خارجی دہشت گرد زاہد گل کا تعلق گل بہادر گروپ سے تھا۔ وہ کوہاٹ پولیس لائنز پر حملے میں استعمال ہونے والی بارود سے بھری گاڑی کو خود لے کر آیا تھا اور اس نے حملے میں استعمال ہونے والی گاڑی کی رہنمائی کی تھی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق زاہد گل کئی دیگر سنگین دہشت گردی کے واقعات میں بھی مطلوب تھا، جن میں بلی ٹنگ بینک ڈکیتی کا واقعہ بھی شامل ہے، جہاں سے 60 لاکھ روپے لوٹے گئے تھے۔ محکمہ انسدادِ دہشت گردی نے بتایا کہ ڈکیتی سے حاصل ہونے والی رقم بنوں کے علاقوں بکا خیل اور جانی خیل میں سرگرم دہشت گرد گروہوں میں تقسیم کی گئی تھی۔
سی ٹی ڈی کے مطابق زاہد گل کوہاٹ میں متعدد خودکش حملہ آوروں کو پہنچانے میں بھی ملوث تھا۔















