بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے اراکین کا اہم اجلاس پشاور میں منعقد

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے اراکین کا اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔

اجلاس میں کور کمانڈر پشاور، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، علاقائی ترقیاتی سیکرٹریٹ کے ممبران اور دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں ضم شدہ اضلاع کے علاوہ بنوں، لکی مروت، ٹانک اور ڈیرہ اسماعیل خان کے اضلاع میں امن و امان، ترقیاتی ضروریات اور عوام کو درپیش مسائل کا جائزہ لیتے ہوئے پائیدار امن اور تیز رفتار ترقی کے لیے فنڈز کی فوری فراہمی کا فیصلہ کیا گیا۔

فورم نے ان بارہ اضلاع میں دہشت گردی کے خاتمے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے عوام کے کلیدی کردار کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے فیصلہ کیا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت کے اشتراک سے ان علاقوں میں ایسے مؤثر اقدامات کرے گی جو عوام کی فلاح و بہبود، بنیادی سہولیات کی فراہمی اور معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے ناگزیر ہیں۔

ان اقدامات سے نہ صرف عوامی مسائل کے حل میں مدد ملے گی بلکہ مجموعی سماجی و معاشی ماحول میں بہتری اور پائیدار امن کے قیام کی راہ بھی ہموار ہوگی۔

اجلاس میں ان بارہ اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں ان اضلاع کے لیے وفاقی حکومت کی جانب سے ترقیاتی فنڈز کی فوری دستیابی، بروقت اجراء اور شفاف و مؤثر استعمال سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ان بارہ اضلاع کی ترقیاتی ضروریات اور عوامی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے کونسل کے نمائندوں اور مقامی عمائدین کی تجاویز کی روشنی میں وسائل کی تیز ترین فراہمی اور ترقیاتی منصوبہ بندی کو یقینی بنایا جائے گا۔

اجلاس میں ان اضلاع میں بے روزگاری کے خاتمے، نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے اور مقامی معیشت کو مضبوط بنانے کے لیے قابلِ عمل اقدامات پر مشاورت کی گئی۔ نوجوانوں کو فنی و ہنرمندی کی تربیت فراہم کرنے اور انہیں روزگار کے بہتر مواقع سے منسلک کرنے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

اجلاس میں ان اضلاع کے عوام کو معیاری تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے، تعلیمی اداروں کی بہتری اور ہسپتالوں سمیت بنیادی مراکزِ صحت کی استعدادِ کار بڑھانے سے متعلق امور زیرِ غور آئے۔

اجلاس میں وفاقی حکومت کی جانب سے ان بارہ اضلاع کے عوام کی فلاح و بہبود، محرومیوں کے ازالے اور ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button