وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے سی ایم ایچ کوہاٹ کا دورہ کیا اور حالیہ دہشت گردی کے واقعے میں زخمی ہونے والے افراد سے فرداً فرداً ملاقات کی۔
عطاء اللہ تارڑ نے زخمیوں کو وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا پیغام پہنچایا۔
زخمیوں نے وزیر اطلاعات کو دہشت گردی کے واقعے کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور عیادت کے لیے آنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر عطاء اللہ تارڑ نے دہشت گردی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے زخمیوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا کوئی مذہب، ایمان یا عقیدہ نہیں۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ کھڑی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی اور حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
