بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کا یمن میں کشیدگی کم کرنے کیلئے تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم

پاکستان نے کشیدگی میں کمی، مذاکرات اور ایک جامع سیاسی تصفیے کیلئے تمام مخلصانہ کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جو یمن اور وسیع تر خطے میں پائیدار امن، استحکام اور خوشحالی کا باعث بن سکے۔

یہ بات اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب، سفیر عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کے دوران کہی۔

سفیر نے کہا کہ یمن کی صورتِحال انتہائی تشویش ناک اور خطرناک مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ متعدد محاذوں پر جاری مخاصمت میں تیزی سے اضافہ، بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کے خلاف حوثیوں کے مسلسل حملے، مملکت سعودی عرب میں شہری اور اقتصادی اہداف پر حملے، اور بگڑتی ہوئی انسانی صورتِ حال انتہائی سنگین تشویش کا باعث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس پیشرفت کے یمن اور وسیع تر خطے پر دور رس اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے، جو مزید کشیدگی کو روکنے اور سفارت کاری کیلئے ضروری گنجائش برقرار رکھنے کی فوری ضرورت کو بھی اجاگر کرتی ہیں۔

عاصم افتخار احمد نے سعودی عرب کی خودمختاری، علاقائی سالمیت، سلامتی اور خوشحالی کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان، سعودی قیادت، حکومت اور برادر عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کے عین مطابق، پاکستان سعودی عرب کے اپنے علاقے کے دفاع، اپنے شہریوں اور مقیم افراد کے تحفظ اور کسی بھی خطرے کے مقابلے میں اپنے قومی اثاثوں کی حفاظت کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کے جائز حق کی مکمل حمایت کرتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے

Back to top button