
قطری گروپ رطاج اور تمیم ہولڈنگز کی پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں دلچسپی
معروف قطری کاروباری ادارے رطاج گروپ اور تمیم ہولڈنگز نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری کا حجم بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
یہ دلچسپی گروپ کے چیئرمین شیخ نائف بن عید آل ثانی کی قیادت میں وفد کی اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کے دوران ظاہر کی گئی۔
وزیراعظم نے قطری وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں۔
شہباز شریف نے اپنے حالیہ دورہ قطر کا بھی ذکر کیا، جہاں انہوں نے امیر قطر کے والد کے انتقال پر تعزیت کی تھی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے دورۂ پاکستان کا منتظر ہے۔
ملاقات کے دوران پاکستان میں قطری سرمایہ کاری میں اضافے سے متعلق دلچسپی کا اظہار دونوں ممالک کے درمیان معاشی اور تجارتی روابط کو مزید فروغ دینے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا گیا۔















