
پاکستان اور ایران میں علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے طریقوں پر تبادلہ خیال
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایران کا ایک روزہ دورہ مکمل کر لیا۔
دورہ پاکستان کی جانب سے جاری سفارتی کوششوں کا حصہ تھا، جس کا مقصد جاری امریکا، ایران تنازع کے تعطل کو ختم کرنے اور خطے میں پائیدار امن اور مستقل استحکام کے قیام کے طریقوں پر غور کرنا تھا۔
دورے کے دوران فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ایرانی صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان، سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل میں سپریم لیڈر کے نمائندے محسن رضائی، ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں میں کشیدگی میں مزید اضافے کو روکنے، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور تنازع کے جلد خاتمے کے لیے اقدامات پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
دونوں جانب سے علاقائی امن اور تنازعات کے مذاکرات کے ذریعے حل کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی قیادت نے مکالمے، کشیدگی میں کمی اور تنازع کے پرامن حل میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے تعمیری کردار اور مخلصانہ کوششوں کو سراہا۔















