صدر مملکت کا پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر زور

صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان قانون نافذ کرنے والے اداروں، انسدادِ دہشت گردی، منشیات کے کنٹرول، انسانی اسمگلنگ اور تارکینِ وطن کی غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔

اسلام آباد میں ملائیشیا کے وزیر داخلہ سیف الدین نصوتین بن اسماعیل سے ملاقات کے دوران صدر نے کہا کہ پاکستان ملائیشیا کے ساتھ اپنے قریبی اور برادرانہ تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے داخلی سلامتی، امیگریشن اور قانونی و عدالتی امور میں ادارہ جاتی تعاون میں پیش رفت کو سراہا۔

ملاقات میں دوطرفہ تجارت بڑھانے پر بھی بات چیت ہوئی۔ صدر نے ملائیشیا میں پاکستانی مصنوعات، خصوصاً چاول، آلو، گندم، پولٹری اور جانوروں کی خوراک کے لیے مزید مارکیٹ رسائی تلاش کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

ملائیشین وزیر داخلہ نے بتایا کہ 2026ء پاکستان اور ملائیشیا کے سفارتی تعلقات کا 69واں سال ہے، جو 1957ء میں ملائیشیا کی آزادی کے بعد قائم ہوئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت پاکستان اور ملائیشیا کے مختلف شہروں کے درمیان ہفتہ وار 14 پروازیں چل رہی ہیں اور پروازوں کی تعداد مزید بڑھانے کی کوششیں جاری ہیں۔

Exit mobile version