صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے تمام شہریوں خصوصاً اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والے افراد کے حقوق کے تحفظ کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔
آج منائے جانیوالے اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے تمام مذہبی رہنمائوں، تعلیمی اداروں، ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی پر زور دیا کہ وہ ایسا سماجی ماحول بنانے میں اپنا کردار ادا کریں جہاں تمام شہری کے عقیدے، شناخت اور انسانی وقار کا احترام کیا جائے۔
صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان کی مذہبی اقلیتوں نے تنازعات، جنگوں، صحت، تعلیم اور زندگی کے دیگر شعبوں میں نمایاں کردار ادا کیا ہے اور آج بھی دیگر ہم وطنوں کے ساتھ ملکر تعمیری کردار جاری رکھے ہوئے ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلامی جمہوریہ پاکستان کا آئین اقلیتوں کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کی ضمانت دیتا ہے۔
