
قومی
سیکیورٹی فورسز کا آپریشن "11 گرج” جاری، متعدد خوارج ہلاک، ٹھکانے تباہ
خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی فورسز کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن "11 گرج” کامیابی سے جاری ہے، جس کے دوران متعدد خوارج کو ہلاک جبکہ ان کے کئی ٹھکانے تباہ کر دیے گئے ہیں۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گزشتہ دو ماہ سے جاری اس آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے متعدد سہولت کاروں کو گرفتار کیا گیا ہے، جبکہ بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ زمینی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ کواڈ کاپٹر کی مدد سے فضائی نگرانی اور آپریشنز کے باعث دہشت گردوں کو فرار ہونے پر مجبور کیا جا رہا ہے۔
آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اس امر کو یقینی بنا رہی ہیں کہ عام شہریوں کی جان و مال کا ہر ممکن تحفظ کیا جائے۔
سیکیورٹی فورسز نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور پائیدار امن کے قیام تک آپریشن بلا تعطل جاری رکھا جائے گا۔















