وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں آبادی کے تیزی سے بڑھتے ہوئے رجحان پر قابو پانے کے لیے مؤثر عوامی آگاہی مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔
اسلام آباد میں آبادی اور فلاح و بہبود سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی پاکستان کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبادی میں اضافے پر قابو پانا اور آبادی کی فلاح و بہبود کو فروغ دینا قومی ذمہ داری سمجھا جانا چاہیے۔
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ آبادی کی منصوبہ بندی کو قومی ترقی، معاشی استحکام اور انسانی وسائل کی ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ ملک کی پائیدار ترقی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کرنے کی غرض سے قومی آبادی کونسل کا اجلاس جلد طلب کیا جائے گا۔
اجلاس میں یہ بھی آگاہ کیا گیا کہ قومی استحکامِ آبادی منصوبہ 2035-2026 تیار کیا جا رہا ہے، جس کے تحت آبادی میں اضافے کی شرح کو موجودہ 2.55 فیصد سے کم کر کے 2035 تک 1.25 فیصد تک لانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
