اسحاق ڈار، سعودی وزیر خارجہ کے درمیان خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے خطے میں جاری کشیدگی پر قابو پانے اور امن کے قیام کے لیے تمام فریقین پر زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے سعودی عرب کے وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ٹیلیفون پر رابطہ کیا، جس میں خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

دونوں رہنماؤں نے گزشتہ ماہ امریکہ اور ایران کے درمیان اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (Islamabad MoU) پر دستخط کے باوجود خطے میں کشیدگی میں اضافے پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔

اسحاق ڈار اور شہزادہ فیصل بن فرحان نے اتفاق کیا کہ تنازع کا دوبارہ شدت اختیار کرنا کسی کے مفاد میں نہیں اور یہ خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں کو نقصان پہنچا سکتا ہے۔

نائب وزیراعظم نے پاکستان کے اس مؤقف کا اعادہ کیا کہ تمام فریق زیادہ سے زیادہ تحمل کا مظاہرہ کریں اور ثالثی کی جاری کوششوں کو کامیاب اور پُرامن حل تک پہنچنے کے لیے ضروری وقت اور موقع فراہم کریں۔

سعودی وزیر خارجہ نے خطے میں جاری سفارتی کوششوں کے حوالے سے سعودی عرب کا نقطۂ نظر پیش کرتے ہوئے کشیدگی میں کمی اور مذاکرات کے تسلسل کی اہمیت پر زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے آئندہ بھی قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔

Exit mobile version