اسحاق ڈار کا پاک-برطانیہ تعلقات کی اہمیت پر زور

نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، اقتصادی اور عوامی سطح پر تعاون کو مزید مضبوط بنانے کی ہدایت کی ہے۔

یہ بات انہوں نے برطانیہ میں پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر ٹیپو عثمان چوہدری سے اسلام آباد میں ملاقات کے دوران کہی۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ برطانیہ، دنیا میں مقیم پاکستانیوں کی سب سے بڑی، متحرک اور فعال برادریوں میں سے ایک کا مسکن ہے، جو دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمیشن کی اولین ترجیح وہاں مقیم پاکستانیوں کو مؤثر قونصلر خدمات اور فلاحی سہولیات کی بروقت فراہمی ہونی چاہیے۔

وزیر خارجہ نے نامزد ہائی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ پاک-برطانیہ شراکت داری کو سیاسی، معاشی اور عوامی روابط سمیت ہر شعبے میں مزید وسعت اور مضبوطی دینے کے لیے اپنی کوششیں دوگنی کریں۔

Exit mobile version