وزیراعظم شہباز شریف نے عالمی امور میں اقوامِ متحدہ کے مرکزی کردار کے لیے پاکستان کی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم سے اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کے امیدوار میکی سال نے آج اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کثیرالجہتی تعاون (ملٹی لیٹرل ازم) کے لیے پاکستان کے غیرمتزلزل عزم کا اعادہ کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اقوامِ متحدہ کی نئی قیادت امن و سلامتی، ترقی اور انسانی حقوق پر مشتمل تنظیم کے تین بنیادی ستونوں کو متوازن اور مؤثر انداز میں آگے بڑھائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں پر عملدرآمد، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مکمل نفاذ اور عالمی امن، سلامتی اور خوشحالی کے لیے بین الاقوامی قانون اور معاہدوں کے احترام کے فروغ کے لیے اپنے پختہ عزم پر قائم ہے۔
اس موقع پر میکی سال نے اقوامِ متحدہ میں پاکستان کی طویل المدتی خدمات کو سراہتے ہوئے عالمی امن کے لیے جاری بین الاقوامی کوششوں میں پاکستان کے تعمیری کردار اور قیادت کی تعریف کی۔
