پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 154ویں پی ایم اے لانگ کورس، 39ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 73ویں انٹیگریٹڈ کورس اور 28ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی۔
کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ جنرل سید عامر رضا تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سید عامر رضا نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مقدس وطن کے ایک ایک انچ کے دفاع کے لیے ہر قیمت پر مکمل طور پر تیار ہیں۔
انہوں نے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس اور ان کے والدین کو مبارک باد پیش کی۔جنرل سید عامر رضا نے دوست ممالک بنگلہ دیش، عراق، مالدیپ، فلسطین، قطر، سری لنکا، تاجکستان اور یمن سے تعلق رکھنے والے فارغ التحصیل کیڈٹس کو بھی دلی مبارک باد دی۔
مہمانِ خصوصی نے دورانِ ڈیوٹی اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے افسران اور جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔تقریب کے دوران انہوں نے مختلف کورسز میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کیڈٹس میں اعزازات بھی تقسیم کیے۔
