اسحاق ڈار کا عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کی حمایت کا اعادہ

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے عالمی امور میں اقوام متحدہ کے مرکزی کردار کو مزید مضبوط بنانے اور کثیرالجہتی تعاون (ملٹی لیٹرلزم) کے فروغ کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

انہوں نے یہ بات آج اسلام آباد میں ایکواڈور کی سابق وزیر خارجہ اور اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے عہدے کی امیدوار ماریا فرنانڈا ایسپینوسا سے ملاقات کے دوران کہی۔

اسحاق ڈار نے ماریا فرنانڈا ایسپینوسا کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اقوام متحدہ کے آئندہ سیکریٹری جنرل ادارے میں ضروری اصلاحات متعارف کرائیں گے اور سلامتی کونسل کی طویل عرصے سے زیر التوا قراردادوں، خصوصاً فلسطین اور جموں و کشمیر سے متعلق قراردادوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنائیں گے، جو مشرق وسطیٰ اور جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے ناگزیر ہیں۔

نائب وزیراعظم نے اس موقع پر اقوام متحدہ کے منشور کے مقاصد اور اصولوں، بین الاقوامی قانون اور عالمی معاہدوں کے احترام کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی امن، استحکام، خوشحالی اور بین الاقوامی تعاون کے فروغ کے لیے اقوام متحدہ کے ساتھ اپنا مثبت اور تعمیری کردار آئندہ بھی جاری رکھے گا۔

Exit mobile version