
حکومت انصاف کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پُرعزم ہے، وزیر قانون
وفاقی وزیر قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ نے فیڈرل سروس ٹریبونل کے لیے ای۔اپیل مینجمنٹ سسٹم، پبلک انٹرفیس، مینجمنٹ ڈیش بورڈ اور مقدمات کی آن لائن سماعت کے لیے ویڈیو لنک سہولت کا افتتاح کر دیا۔
اس حوالے سے افتتاحی تقریب پیر کے روز اسلام آباد میں منعقد ہوئی۔
یہ اقدام حکومتِ پاکستان کے جاری عدالتی اصلاحاتی پروگرام کا ایک اہم سنگِ میل قرار دیا جا رہا ہے، جس کا مقصد انصاف تک عوام کی رسائی کو آسان بنانا، عدالتی نظام میں شفافیت کو فروغ دینا اور عدالتی انتظام کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا ہے۔
نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت اپیلوں کی رجسٹریشن سے لے کر فیصلے تک تمام مراحل کو ایک جامع آن لائن پلیٹ فارم پر منتقل کیا گیا ہے، جس سے مقدمات کے انتظام اور عدالتی کارروائی کی رفتار میں بہتری آئے گی۔
مینجمنٹ ڈیش بورڈ اور ویب پورٹل کے ذریعے درخواست گزاروں، وکلا اور عدالتی عملے کو مقدمات سے متعلق معلومات تک تیز، آسان اور مؤثر رسائی حاصل ہوگی۔
اس نظام میں اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور کراچی میں قائم فیڈرل سروس ٹریبونل کے بینچز پر ویڈیو لنک کے ذریعے آن لائن سماعت کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے، جس سے مناسب حالات میں مقدمات کی ورچوئل سماعت ممکن ہوگی۔
حکام کے مطابق اس سہولت سے سفر کی وجہ سے ہونے والی تاخیر میں کمی آئے گی، عدالتی وقت کا مؤثر استعمال ممکن ہوگا اور انتظامی و لاجسٹک اخراجات بھی کم ہوں گے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ حکومت جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کے ذریعے انصاف کے نظام کو مزید مضبوط، مؤثر اور عوام دوست بنانے کے لیے مکمل طور پر پُرعزم ہے۔















