صدر مملکت آصف علی زرداری نے کرغز جمہوریہ کے صدر صدر سادیر جپاروف کے ہمراہ آج چولپون آتا میں واقع رخ اوردو کلچرل سینٹر کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران صدر آصف علی زرداری کو رخ اوردو کلچرل سینٹر کی تاریخی، ثقافتی اور روایتی اہمیت کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ انہیں بتایا گیا کہ یہ مرکز کرغزستان کی بھرپور ثقافتی وراثت، تاریخ اور قومی روایات کی ایک اہم علامت ہے۔
دونوں صدور نے ثقافتی مرکز کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور ثقافتی ورثے کے تحفظ، باہمی ثقافتی روابط کے فروغ اور اقوام کے درمیان بہتر ہم آہنگی کو فروغ دینے کی اہمیت پر تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر صدر آصف علی زرداری کے اعزاز میں کرغزستان کی روایتی ثقافتی پرفارمنس بھی پیش کی گئی، جس میں مقامی لوک موسیقی، روایتی رقص اور فنونِ لطیفہ کی جھلک نمایاں تھی۔ صدر زرداری نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر کرغز قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کرغز عوام کی شاندار ثقافتی روایات کو سراہا۔
بعد ازاں صدر آصف علی زرداری اور ان کے وفد کے اعزاز میں ایک پرتکلف ضیافت کا بھی اہتمام کیا گیا، جس میں پاکستان اور پاکستانی عوام کے نام روایتی کرغز موسیقی پیش کی گئی۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ دوستی، باہمی احترام اور مضبوط تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔
