وزیراعظم شہباز شریف نے دنیا بھر میں قائم پاکستانی سفارت خانوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ پاکستانی افرادی قوت، خصوصاً نوجوانوں کے لیے بیرونِ ملک روزگار کے مواقع تلاش کرنے اور ان سے متعلق معلومات بروقت فراہم کرنے کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کریں۔
یہ ہدایات انہوں نے اسلام آباد میں نوجوانوں کے لیے پیداواری روزگار کے مواقع کے حوالے سے منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان باصلاحیت نوجوان افرادی قوت کا حامل ملک ہے اور حکومت نوجوانوں کو بین الاقوامی معیار کی تعلیم، جدید ہنر اور عالمی سطح پر روزگار کے مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے پروٹیکٹوریٹ آف ایمیگریشن کے نظام کو مکمل طور پر ڈیجیٹل بنانے کی بھی ہدایت کی۔
اجلاس میں وزیراعظم نے وزارتِ اوورسیز پاکستانیز، نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (NAVTTC) اور وزیراعظم یوتھ پروگرام کو ہدایت دی کہ نوجوانوں کے لیے ہنر مندی، زبانوں کی تربیت اور عالمی سطح پر تسلیم شدہ سرٹیفکیٹس کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
انہوں نے پاکستانی سفارت خانوں کو ہدایت کی کہ بیرونِ ملک دستیاب ملازمتوں سے متعلق معلومات جلد از جلد حاصل کرکے متعلقہ اداروں اور ڈیجیٹل یوتھ ہب پر فراہم کی جائیں۔ ساتھ ہی متعلقہ اداروں کو بیرونی ممالک کے ساتھ تعاون بڑھانے کی ہدایت بھی کی تاکہ پاکستانی سرٹیفکیٹس کو بین الاقوامی معیار کے مطابق ہم آہنگ بنایا جا سکے۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ جن ممالک میں پاکستانی ہنر مند افراد کے لیے روزگار کے مواقع موجود ہیں، ان ممالک کی زبانوں کی تربیت اور متعلقہ سرٹیفکیشن بھی فراہم کی جائے۔ انہوں نے NAVTTC کے تحت چلنے والے تکنیکی و پیشہ ورانہ تربیتی اداروں کی کارکردگی اور کنٹری آف ڈیسٹینیشن سینٹرز کے قیام سے متعلق رپورٹ بھی طلب کر لی۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ڈیجیٹل یوتھ ہب پر اب تک 8 لاکھ سے زائد نوجوان رجسٹریشن کروا چکے ہیں۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ بیرونِ ملک تعمیرات، زراعت، سیاحت، صحت، ٹرانسپورٹ، بائیوٹیکنالوجی، مینوفیکچرنگ، جہاز سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، نرسنگ، فارماسیوٹیکل اور فوڈ پروسیسنگ سمیت مختلف شعبوں میں روزگار کے وسیع مواقع موجود ہیں۔
اجلاس کو مزید آگاہ کیا گیا کہ پاکستانی نوجوانوں کو ان شعبوں میں ملازمتوں کے لیے تیار کرنے کی غرض سے تربیتی پروگرام جاری ہیں، جبکہ پاکستانی سفارت خانے دستیاب ملازمتوں اور مطلوبہ اہلیت سے متعلق معلومات ڈیجیٹل یوتھ ہب پورٹل پر بھی اپ لوڈ کریں گے۔
