بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

منشیات کے خاتمے اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف ہر ممکن اقدام جاری رکھا جائے گا، صدر اور وزیراعظم کا عزم

صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے ملک سے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خاتمے کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔

منشیات کے استعمال اور غیر قانونی اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے الگ الگ پیغامات میں صدر مملکت اور وزیراعظم نے منشیات کے استعمال اور غیر قانونی تجارت کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ منشیات کی روک تھام، عوامی آگاہی، تعلیم اور متاثرہ افراد کی بحالی کے نظام کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے تاکہ اس ناسور کا مؤثر انداز میں خاتمہ کیا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ پاکستان منشیات سے وابستہ تمام خطرات سے نمٹنے کے لیے پُرعزم ہے اور حکومت اس مقصد کے حصول کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت منشیات کی اسمگلنگ کے مکمل خاتمے کے لیے قومی صلاحیتوں کو مزید مضبوط بنا رہی ہے، متعلقہ اداروں کے درمیان مؤثر رابطہ اور ہم آہنگی کو فروغ دے رہی ہے، جبکہ بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون کو بھی وسعت دی جا رہی ہے۔

صدر مملکت اور وزیراعظم نے اس عزم کا اظہار کیا کہ منشیات سے پاک معاشرے کے قیام کے لیے حکومت تمام متعلقہ اداروں، سول سوسائٹی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر مؤثر اقدامات جاری رکھے گی۔

اشتہار

یہ بھی پڑھیے

Back to top button