مظفرآباد میں ایم آئی-17 ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے پاک فوج کے جوانوں کی نمازِ جنازہ آج چکلالہ گیریژن، راولپنڈی میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ، وزیر دفاع، وزیر اطلاعات، اعلیٰ سول و عسکری حکام، شہداء کے اہلِ خانہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
اس سے قبل حادثے میں شہید ہونے والے دو مسیحی فوجیوں کی آخری رسومات راولپنڈی کے کرسٹ چرچ میں ادا کی گئیں، جہاں سیاسی اور عسکری قیادت بھی موجود تھی۔
نمازِ جنازہ کے بعد اپنے خطاب میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ شہداء کی فرض شناسی، پیشہ ورانہ مہارت اور وطن کے دفاع کے لیے دی گئی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے باعثِ فخر اور آنے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے امن، سلامتی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے جو لازوال قربانیاں دی ہیں، انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، اور حکومت و قوم اس مشکل گھڑی میں شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔
اعلامیے کے مطابق، تمام شہداء کو ان کے آبائی علاقوں میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا جائے گا۔
