وزیراعظم محمد شہباز شریف نے گلگت بلتستان میں شفاف، پرامن اور سیاسی سرگرمیوں سے بھرپور الیکشن کے انعقاد پر علاقے کے عوام کو مبارکباد دی ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی گلگت بلتستان الیکشن میں اکثریتی سیاسی جماعت کے طور پر سامنے آئی ہے جس پر انہوں نے پارٹی قیادت کو مبارکباد پیش کی۔
شہباز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اچھا مقابلہ کیا۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی ٹیم کی بھرپور محنت کی تعریف کی۔
وزیراعظم نے گلگت بلتستان کے دیگر تمام کامیاب امیدواروں کو بھی مبارکباد دی۔
انہوں نے کہا کہ سیاسی سرگرمیوں میں بھرپور شرکت پر گلگت بلتستان کے عوام بھی خصوصی تحسین کے لائق ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ پرامن، شفاف الیکشن اور سیاسی سرگرمیاں جمہوریت کا حسن ہیں۔
انہوں نے شفاف اور غیر جانبدار الیکشن یقینی بنانے پر الیکشن کمیشن کی تعریف کی۔
شہباز شریف نے انتخابات کے دوران امن برقرار رکھنے میں پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے کردار کو بھی سراہا۔
