صدر آصف علی زرداری نے سپین کے بادشاہ فلپ ششم اورہسپانوی عوام کوملک کے قومی دن کے موقع پر مبارکباد دی ہے۔
اپنے تہنیتی خط میں صدر نے کہا کہ پاکستان سپین کیساتھ باہمی خیرسگالی اور تعمیری روابط پر مبنی دیرینہ دوستی کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان بڑھتے ہوئے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات قابل تجدید توانائی، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں قریبی تعاون سمیت جامعات، محققین اور کاروباری اداروں کے درمیان روابط کو بھی مزید مضبوط بنانے کے وسیع مواقع فراہم کرتے ہیں۔
صدرآصف علی زرداری نے سپین میں مقیم پاکستانی برادری کو بھی دونوں ممالک کے درمیان ایک اہم رابطہ قراردیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور سپین موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے نمٹنے، پائیدار ترقی اور بین الاقوامی امن سمیت مشترکہ دلچسپی کے امور پر اقوام متحدہ اور دیگر کثیرجہتی فورمز پر قریبی تعاون کررہے ہیں۔
