اقوام متحدہ ویساک تقریب: پاکستان کا بدھ مت ورثے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اعادہ

اقوام متحدہ کی ویساک تقریب میں پاکستان نے اپنے تاریخی بدھ ورثے اور بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ پاکستان کے مستقل مندوب سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ میں ویساک کے بین الاقوامی دن 2026 کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدھ مت سے تعلق رکھنے والے راہب، سکالرز اور زائرین سال بھر پاکستان کا دورہ کرتے ہیں تاکہ ٹیکسلا، سوات اور تخت بھائی سمیت تاریخی بدھ مت مقامات کی زیارت کر سکیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ دورے مشترکہ روحانی و ثقافتی ورثے اور بدھ مت کے پیروکاروں کے ساتھ پاکستان کے تعلقات میں احترام اور دوستی کی عکاسی کرتے ہیں۔سفیر عاصم افتخار احمد نے بدھ مت کے پیروکاروں اور ویساک منانے والوں کو مبارکباد دی اور تقریب کے انعقاد پر سری لنکا اور تھائی لینڈ کے مشنز کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ویساک کا دن بدھ مت کے پیغامِ امن، ہمدردی اور ذہنی سکون کی یاد دلاتا ہے جو موجودہ عالمی حالات میں پہلے سے زیادہ اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ بدھ مت کا پاکستان کے ساتھ تعلق قدیم گندھارا تہذیب سے جڑا ہے۔ عاصم افتخار احمد کا کہنا تھا کہ گندھارا کا بدھ مت ورثہ آج بھی سماجی و ثقافتی تشخص کا حصہ ہے اور ملک کے تکثیری اور روشن خیال نظریے کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کر رہا ہے۔مستقل مندوب نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان عالمی امن، ہم آہنگی اور بین الثقافتی مکالمے کے فروغ کے لیے عالمی برادری کے ساتھ مل کر کام جاری رکھے گا۔

Exit mobile version