
پاکستان کو امن مذاکرات کی میزبانی پرفخر ہے،احسن اقبال
منصوبہ بندی و ترقی کے وزیر احسن اقبال نے پاکستان، ایران، امریکہ اور تمام برادر ممالک کی قیادت کو خراج تحسین پیش کیا ہے جن کی تعمیری بات چیت سے امن کا یہ موقع ممکن ہوا۔آج اپنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اسلام آباد مذاکرات کی میزبانی کرنے اور متحارب فریقوں کو میدان جنگ سے مذاکرات کی میز پر لانے میں اپنا کردار ادا کرنے پر فخر ہے۔
انہوں نے کہا کہ تنازعات کا جاری رہنا خطے اور عالمی برادری کیلئے تباہ کن ہوگا۔احسن اقبال نے کہا کہ یہ بحران اب علاقائی معاملہ نہیں رہا بلکہ افراط زر کے دباؤ، توانائی کی سپلائی میں تعطل، منڈیوں کے اتار چڑھاؤ اور بڑھتی ہوئی غیر یقینی صورتحال کے باعث اس کے معاشی اثرات پہلے ہی ایک سو ترانوے ممالک میں محسوس کئے جا رہے ہیں۔منصوبہ بندی کے وزیر نے مذاکرات کی کامیابی کی امید ظاہر کی کیونکہ یہ کامیابی علاقائی امن اور دنیا بھر کے لاکھوں خاندانوں کے معاشی تحفظ اور مستقبل کیلئے بھی اہمیت رکھتی ہے۔















