
پی ایس ایل 11، راولپنڈیز کی ناکامیوں کا سلسلہ دراز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 61 رنز سے ہرا دیا
پاکستان سپر لیگ ایڈیشن 11 کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے راولپنڈیز کو 61 رنز سے شکست دیدی۔راولپنڈی کی ٹیم گلیڈی ایٹرز کی جانب سے دیے گئے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 18ویں اوور میں121 رنز پر ہی ڈھیر ہو گئی۔راولپنڈیز کی جانب سے سعد مسعود 31 رنز بنا کر نمایاں رہے، ڈیرل مچل 30، یاسر خان 22 اور عبداللہ فضل 20 رنز بنا کر پویلین لوٹے جبکہ دیگر کوئی کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکا۔
راولپنڈیز کے عثمان خواجہ 7، مدثر خان 6 اور سیم بلنگز ایک رن بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان محمد رضوان، آصف آفریدی اور محمد عامر بغیر کھاتہ کھولے ہی چلتے بنے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے کپتان سعود شکیل، عثمان طارق اور جہانداد خان نے 2،2کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ ابرار احمد اور کاشف بھٹی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قبل ازیں کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں راولپنڈیز کی دعوت پر پہلے کھیلتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے۔کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے ریلے روسو 53 رنز بنا کر نمایاں رہے، کپتان سعود شکیل 42 رنز بنا کر پویلین لوٹے، سام ہارپر 8، خواجہ نافع 6 اور بیون جیکب 3 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
گلیڈی ایٹرز کے حسن نواز نے 16 گیندوں پر 39 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ جہانداد خان 21 اور کاشف بھٹی ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔راولپنڈیز کی جانب سے بین سیرز اور محمد عامر نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ مدثر خان نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔















