24 سے 30 مارچ تک ملک بھر میں بارشوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی موسم کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات نے 24 سے 30 مارچ تک ملک بھر میں بارشوں، آندھی اور گرج چمک کے ساتھ طوفانی موسم کی پیشگوئی کرتے ہوئے بعض علاقوں میں ژالہ باری اور فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق ایک مضبوط مغربی سسٹم 24 مارچ کی شام بلوچستان میں داخل ہوگا، جو 27 مارچ کے بعد مزید شدت اختیار کر کے 31 مارچ تک برقرار رہ سکتا ہے۔بلوچستان کے مختلف علاقوں، خصوصاً گوادر، تربت، پنجگور، کوئٹہ اور خضدار میں تیز ہواؤں، گرج چمک اور بعض مقامات پر ژالہ باری کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں چترال، سوات، دیر، مانسہرہ اور ایبٹ آباد سمیت پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برفباری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔اس کے علاوہ پنجاب میں لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، ملتان اور دیگر شہروں کے ساتھ اسلام آباد میں بھی بارش اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ سندھ کے کراچی، حیدرآباد، سکھر اور لاڑکانہ سمیت مختلف علاقوں میں 25 اور 26 مارچ کے علاوہ 28 اور 29 مارچ کو بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ہے۔موسم کا احوال بتانے والوں نے خبردار کیا ہے کہ بلوچستان میں 25 سے 28 مارچ جبکہ خیبر پختونخوا کے ندی نالوں میں 28 سے 30 مارچ کے دوران فلیش فلڈ کا خطرہ ہے، بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے کسانوں کو فصلوں کی حفاظت کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے جبکہ شہریوں اور سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے، تمام متعلقہ اداروں کو ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔

Exit mobile version