
تپ دق کا خاتمہ اولین ترجیحات میں شامل ہے، وزیراعظم
تپ دق کے خاتمے کاعالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔دن کا مقصد تپ دق کے صحت، سماجی اور معاشی تباہ کن اثرات کے بارے میں عوامی آگاہی پیدا کرنا اوراس عالمی وباء کے خاتمے کیلئے کوششیں تیز کرنا ہے۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت نے تپِ دق کے خاتمے کو عوامی صحت کی اپنی اولین ترجیحات میں شامل کر رکھا ہے۔عالمی یومِ تپِ دق کے موقع پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ٹی بی کے علاج معالجے کی خدمات کو بنیادی صحت کے مراکز میں ضم کیا جا رہا ہے تاکہ ملک بھر میں اس مرض کے مسلسل علاج کی سہولت فراہم کی جاسکے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری کے ساتھ ملکر تپِ دق جیسے قابلِ علاج اور قابلِ روک تھام مرض کے مکمل خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتا ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ تپِ دق کے مکمل خاتمے کیلئے عوامی شمولیت نہایت ضروری ہے۔انہوں نے وفاقی و صوبائی حکومتوں، ترقیاتی شراکت داروں، جامعات، نجی شعبے، ذرائع ابلاغ اور سماجی رہنمائوں سمیت تمام متعلقہ فریقوں سے اپیل کی کہ وہ مشترکہ کوششوں کو مزید مضبوط بنائیں تاکہ تپِ دق کاکوئی بھی مریض علاج سے محروم نہ رہے۔















