اسلام آباد: پاکستان اور انڈونیشیا نے مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے بحران پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
یہ تشویش آج وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اور انڈونیشیا کے صدر پربوو سبیانٹو کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے دوران سامنے آئی۔
وزیرِاعظم نے اسرائیل کے ایران پر حملوں اور بعد ازاں دیگر برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے افسوسناک حملوں کی شدید مذمت کی۔
انہوں نے انڈونیشیا کے صدر کو پاکستان کی جانب سے بحران کے بعد تمام خلیجی ممالک کے ساتھ کیے جانے والے سفارتی رابطوں سے آگاہ کیا۔
دونوں رہنماؤں نے اتفاق کیا کہ وہ تمام فریقین پر زور دیں گے کہ وہ زیادہ سے زیادہ ضبطِ نفس کا مظاہرہ کریں اور تعمیری مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے تمام زیرِ التوا اختلافات کو حل کرنے کے لیے سنجیدہ اور مخلص اقدامات کریں۔
ٹیلی فونک گفتگو کے دوران وزیرِاعظم نے افغانستان سے متعلق حالیہ پیش رفت کے بارے میں بھی صدر پربوو سبیانٹو کو بریفنگ دی۔ دونوں رہنماؤں نے آئندہ دنوں میں قریبی رابطے میں رہنے پر اتفاق کیا۔
