وزیرِاعظم کی خلیجی ممالک میں پاکستانی سفارت خانوں کو ہر وقت شہریوں کی مدد کے لیے تیار رہنے کی ہدایت

وزیرِاعظم محمد شہباز شریف نے ہدایت کی ہے کہ خلیجی ممالک میں قائم پاکستانی سفارت خانے ہر وقت پاکستانی شہریوں کی مدد کے لیے دستیاب رہیں۔

وہ آج اسلام آباد میں ایران سے پاکستانی شہریوں کے انخلا اور خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانیوں سے متعلق صورتحال کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔

اجلاس کے دوران وزیرِاعظم نے برادر ملک آذربائیجان کا شکریہ ادا کیا جس نے ایران سے پاکستانی شہریوں کے انخلا میں معاونت فراہم کی۔

اجلاس کو ایران سے پاکستانیوں کی واپسی کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ بتایا گیا کہ ایرانی سرزمین سے پاکستانی شہری محفوظ طریقے سے وطن واپس آ رہے ہیں جبکہ آذربائیجان میں پاکستانی سفارت خانہ اس سلسلے میں مکمل طور پر متحرک ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ وزیرِاعظم کی ہدایات کے مطابق دفترِ خارجہ پوری صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے۔

اجلاس کو خلیجی ممالک میں مقیم پاکستانی شہریوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پاکستانی سفارت خانوں کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا گیا۔

Exit mobile version