وزیراعظم محمد شہبازشریف سے آج ویانا انٹرنیشنل سینٹر میں جوہری توانائی کے بین الاقوامی ادارے (IAEA) کے ڈائریکٹر جنرل مسٹر رافیل ماریانو گروسی نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے کینسر کی تشخیص اور علاج، زراعت، نیوکلیئر پاور جنریشن اور صنعتی ایپلی کیشنز جیسے شعبوں میں جوہری ٹیکنالوجی کے ذمہ دارانہ استعمال کے فروغ میں IAEA کے کردار کے لیے پاکستان کی حمایت کا اعادہ کیا۔انہوں نے پاکستان اور IAEA کے درمیان مضبوط شراکت داری کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نہ صرف IAEA کے تکنیکی تعاون پروگرام سے مستفید ہو رہا ہے بلکہ اپنے ماہرین کی فراہمی اور IAEA کے رکن ممالک کے لیے بین الاقوامی تربیت کے انعقاد کے ذریعے IAEA کے کام میں حصہ ڈال رہا ہے۔ڈائریکٹر جنرل رافیل ماریانو گروسی نے جوہری ٹیکنالوجی کے پرامن استعمال میں پاکستان کے تجربے اور مہارت اور اس کے انجینئرز، سائنسدانوں اور تکنیکی ماہرین کے اعلی معیار کا اعتراف کیا۔انہوں نے جوہری تحفظ اور سلامتی کے شعبوں میں IAEA کے کام میں پاکستان کے تعاون کو سراہا۔دریں اثناء انسٹی ٹیوٹ آف نیوکلیئر میڈیسن اینڈ آنکولوجی ، لاہور کو IAEA کے تعاون کے مرکز کے طور پر نامزد کرنے کے معاہدے پر دستخط کئے گئے۔
وزیراعظم کی پاکستان ،آئی اے ای اے کے درمیان مضبوط شراکت داری کی تعریف
