
مسلح افواج کا کشمیری عوام کی غیرمتزلزل حمایت کے عزم کا اعادہ
یومِ یکجہتیٔ کشمیر کے موقع پر چیف آف ڈیفنس فورسز اور چیف آف آرمی اسٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور پاکستان کی مسلح افواج نے بھارتی غیرقانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے ثابت قدم عوام کی حقِ خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کے لیے اپنی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق، پاکستان کی مسلح افواج نے اس امر پر زور دیا کہ جموں و کشمیر تنازع کا منصفانہ اور پُرامن حل، اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے ناگزیر ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ پاکستان کی مسلح افواج کشمیری عوام اور ان کے جائز مؤقف کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتی ہیں اور ان کی حمایت میں ثابت قدم رہیں گی۔















