
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو جیل منتقل کردیا گیا
وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو اتوار کے روز امریکا لانے کے بعد نیویارک کی ایک جیل منتقل کردیا گیا ہے۔نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو ہفتے کے روز وینزویلا میں امریکی فوجی آپریشن کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔نیویارک میں نکولس مادورو پر منشیات کی اسمگلنگ اور اسلحہ رکھنے سے متعلق الزامات عائد ہیں۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے سوشل میڈیا پر جاری کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن (ڈی ای اے) کے اہلکار نکولس مادورو کو ہتھکڑیاں لگا کر نیویارک کے علاقے مین ہیٹن میں ڈی ای اے کی ایک عمارت کے اندر لے جا رہے ہیں۔
ویڈیو میں 63 سالہ نکولس مادورو کو انگریزی میں یہ کہتے ہوئے بھی سنا گیا کہ ’گڈ نائٹ، ہیپی نیو ایئر‘۔دوسری جانب وینزویلا کی نائب صدر نے عدالتی حکم پر صدارتی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں۔نیوز کانفرنس میں ڈیلسی روڈریگز نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان سے اختلاف کیا اور نکولس مادورو کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔ڈیلسی روڈریگز نے کہا وینزویلا کے واحد صدر نکولس مادورو ہی ہیں، وینزویلا کسی بھی ملک کی کالونی نہیں بنے گا۔ ساتھ ہی انہوں نے ملک اور قدرتی وسائل کے دفاع کا عزم بھی کیا۔











