بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان سمیت دنیا بھر کی مسیحی برادری آج کرسمس منا رہی، صدر ، وزیراعظم کی مبارکباد

پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی برادری آج کرسمس کا تہوار منا رہی ہے۔کرسمس کی شام آتے ہی دنیا بھر کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا آغاز ہوا۔کراچی، لاہور، پشاور، کوئٹہ سمیت ملک کے مختلف شہروں کے گرجا گھروں میں خصوصی عبادات کا سلسلہ جاری ہے جہاں ملک کی سلامتی خوشحالی اور وطن کی ترقی کیلیے خصوصی دعائیں مانگی جارہی ہیں۔

ادھر  واشنگٹن، لندن، پیرس، ماسکو، دبئی اور  دیگر  شہر کرسمس کی رنگا رنگ سجاوٹ سے جگمگا گئے۔ ویٹی کن سٹی میں بھی خصوصی عبادات کا اہتمام کیا گیا، پوپ لیو نےحضرت عیسیٰ کی پیدائش کے حالات کاذکر کیا، انہوں نے کہا کہ غریبوں اور اجنیوں کی مدد نہ کرنے کا مطلب خدا کو مسترد کرنے کے مترادف ہے۔فلسطین کے شہر بیت لحم میں واقع تاریخی چرچ آف نیٹی ویٹی میں عقیدت مندوں کا اجتماع دیکھنے میں آیا۔

صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کرسمس کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر کی مسیحی برادری کے لئے دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

اپنے الگ الگ پیغامات میں انہوں نے کہا کہ کرسمس امید، امن اور ہمدردی کاتہوارہے جو تمام لوگوں کو متحد کرنے والے گہرے رشتوں کی یاد دلاتا ہے۔

صدر اور وزیراعظم نے سیاست، قومی دفاع، تعلیم، ادب، فنون لطیفہ، موسیقی، صحت ، سماجی بہبود اور عوامی خدمت کے شعبوں میں پاکستان کی مسیحی برادری کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا۔

انہوں نے بین المذاہب ہم آہنگی، حقوق اور آزادیوں کے تحفظ، معاشی بہبود اور تمام شہریوں کیلئے مذہب یا نسل کے امتیاز کے بغیرترقی کے یکساں مواقع یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا۔

اشتہار
Back to top button