بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان کا پائیدار امن کے عزم کا اعادہ، سانحہ آرمی پبلک اسکول کے شہداء کو خراجِ عقیدت

سانحہ آرمی پبلک اسکول پشاور کی برسی کے موقع پر پاکستان نے اپنے عوام کے تحفظ، قومی خودمختاری کے دفاع اور پائیدار امن کے وژن کے حصول کے لیے اپنے غیر متزلزل عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا ہے۔

دفترِ خارجہ کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان اس المناک واقعے میں شہید ہونے والے معصوم بچوں اور اساتذہ کو انتہائی عقیدت اور احترام کے ساتھ یاد کرتا ہے، جو انسانیت سوز دہشت گردی کا نشانہ بنے۔ بیان کے مطابق ان شہداء کی قربانی دہشت گردی کے خلاف قوم کے عزم اور حوصلے کی ایک لازوال علامت ہے۔

دفترِ خارجہ نے کہا کہ یہ دردناک برسی دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے کی مسلسل اور فوری ضرورت کو اجاگر کرتی ہے۔ پاکستان اس جنگ میں سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں 90 ہزار سے زائد قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور ملک کو بھاری معاشی و سماجی نقصانات کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ قربانیاں انسدادِ دہشت گردی میں پاکستان کے صفِ اول کے کردار اور غیر متزلزل وابستگی کی واضح گواہ ہیں، جن کے نتیجے میں نہ صرف پاکستانیوں بلکہ خطے اور اس سے باہر بھی بے شمار جانیں محفوظ ہوئیں۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دہشت گرد گروہوں کے خلاف مؤثر اور فیصلہ کن کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ تاہم، پاکستان کو سرحد پار سے سرگرم دہشت گرد عناصر کی جانب سے مسلسل خطرات کا سامنا ہے، جنہیں دشمن قوتوں کی حمایت حاصل ہے۔ پاکستان اس چیلنج کی جانب بارہا عالمی برادری کی توجہ مبذول کراتا رہا ہے اور دہشت گردی کے سرایت کرنے کے خطرے کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے گئے ہیں۔

دفترِ خارجہ کے مطابق پاکستان نے دہشت گردی کو اپنی سرحدوں سے باہر پھیلنے سے روکنے میں ایک مضبوط دفاعی دیوار کا کردار ادا کیا ہے، جس سے نہ صرف خطے بلکہ عالمی سطح پر امن و استحکام کو تقویت ملی ہے۔ اس ناقابلِ تردید حقیقت کے پیشِ نظر بیان میں اس امر پر زور دیا گیا کہ دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے خاتمے اور پاکستان کو نشانہ بنانے والے تمام دہشت گرد گروہوں سمیت ہر قسم کی دہشت گردی کی تمام معاونت بند کرنے کے لیے فوری اور عملی اقدامات ناگزیر ہیں۔

دفترِ خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستان دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گا

اشتہار
Back to top button