
صدرِ پاکستان کی جانب سے فن لینڈ کو یومِ آزادی کی مبارکباد
صدر آصف علی زرداری نے فن لینڈ کے 108ویں یومِ آزادی پر فنش صدر الیگزینڈر اسٹب اور عوامِ فن لینڈ کو دلی مبارکباد پیش کی ہے اور پاکستان کی جانب سے دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
اپنے پیغام میں صدر نے کہا کہ فن لینڈ نے آزادی کے بعد تعلیم، ٹیکنالوجی، اختراع، تحقیق، بایوٹیکنالوجی اور جنگلات کے شعبوں میں نمایاں عالمی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔
انہوں نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ فن لینڈ مسلسل آٹھ برسوں سے گلوبل ہیپینس انڈیکس میں پہلی پوزیشن حاصل کر رہا ہے جو اس کی سماجی ترقی اور عوامی خوشحالی کا ثبوت ہے۔
صدر زرداری نے تعاون کے وسیع امکانات کی نشاندہی کرتے ہوئے کہا کہ کاروبار، تعلیم، گرین ٹرانزیشن، ڈیجیٹلائزیشن، مائننگ اور ٹیلی کمیونی کیشن کے شعبے وہ اہم میدان ہیں جن میں پاکستان اور فن لینڈ اشتراک کو مزید فروغ دے سکتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے دوستانہ تعلقات آنے والے برسوں میں مزید مضبوط ہوتے رہیں گے۔













