بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

بھارت تمام مذاہب کیلئے رواداری اور احترام کا ماحول یقینی بنائے، دفتر خارجہ

پاکستان نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ رواداری اور شمولیت کے ماحول کو فروغ دے اور تمام مذہبی اور ثقافتی برادریوں کے درمیان قانونی مساوی شہریت کے حقوق اور باہمی احترام یقینی بنائے۔یہ بات وزارت خارجہ کے ترجمان طاہر اندرابی نے اسلام آباد میں صحافیوں کو اپنی ہفتہ وار بریفنگ میں ہندوانتہاء پسندوں کے ہاتھوں تاریخی بابری مسجد کی تباہی کی برسی کے تناظر میں ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ مذہبی ورثے اور مقدس مقامات کا تحفظ عالمی برادری کی مشترکہ ذمہ داری ہے اور بابری مسجد ایک تاریخی ورثہ تھی۔انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کی مذہبی علامات یا تاریخی ورثے کو مجروح کرنے والی تمام شرانگیزیوں کا شفافیت، احتساب اور انصاف کے عزم کے ذریعے سدباب کرنے کی ضرورت ہے۔

طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان پرامن بقائے باہمی میں بین المذاہب ہم آہنگی کو بہت اہمیت دیتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں‘ عالمی تنظیموں اور بااثر عالمی آوازوں سمیت عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ مسلمانوں کے مذہبی ورثے کے تحفظ کی اہمیت کو تسلیم کریں اور یہ بات یقینی بنائیں کہ بابری مسجد کی تباہی جیسے المناک اور تکلیف دہ واقعات دوبارہ رونما نہ ہوں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اپنی قانونی ذمہ داریوں کے مطابق ملک میں اقلیتوں کے حقوق اور مذہبی آزادی کے تحفظ کے لیے پرُعزم ہے۔

اشتہار
Back to top button