
وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری کی کاسا انرجی مارکیٹ کے قیام کی تجویز
وزیر توانائی سردار اویس احمد خان لغاری نے تمام علاقائی ممالک کو اپنی توانائی کی صلاحیت کو مکمل طور پر استعمال کرنے کے قابل بنانے کے لیے کاسا انرجی مارکیٹ کے قیام کی تجویز دی ہے۔انہوں نے یہ بات اسلام آباد میں جمہوریہ کرغز کے وزیر توانائی Ibrarv Taalaibek Omukeevich سے ملاقات میں کہی۔اویس لغاری نے کہا کہ کاسا ۔1000منصوبے پر عمل درآمد کے لیے عملی سوچ کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ کاسا۔ 1000منصوبے کا پاکستان کا حصہ اگلے سال کے وسط تک مکمل ہو جائیگا۔سردار اویس لغاری نے مستقبل میں دوطرفہ توانائی تعاون کے لیے پانچ نکاتی فریم ورک بھی پیش کیا جس میں پن بجلی منصوبوں پر مشترکہ ورکنگ گروپ کی تشکیل،کاسا۔ 1000منصوبے کو آگے بڑھانے کے لیے مشترکہ کوششیں اور تعاون میں پیشرفت کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپس کا قیام شامل ہے۔
سردار اویس احمد خان لغاری نے اتار چڑھائو کم کرنے اور وسیع تر علاقائی روابط کو فروغ دینے کے لیے افغانستان کو شامل کرنے میں کرغزستان کی مدد کی اہمیت پر بھی زور دیا۔فریقین نے مشترکہ حکمت عملی وضع کرنے کے لیے پاکستان، کرغزستان، تاجکستان اور عالمی بینک کے شرکاء کے ساتھ بشکیک میں ماہرین کی سطح کا اجلاس بلانے پر اتفاق کیا۔













