
سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز، سری لنکا پاکستان کو 6 رنز سے شکست دیکر فائنل میں پہنچ گیا
سہ ملکی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے میچ میں سری لنکا نے پاکستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے دی اور فائنل کے لیےکوالیفائی کرلیا جب کہ زمبابوے سیریز سے باہر ہوگیا۔ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔
سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 184 رنز بنائے۔سری لنکا کی جانب سےکامل مشارا 76 اورکوشل مینڈس 40 رنز بناکر نمایاں رہے، داسن شناکا 17 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔
پاکستان کی جانب سے ابرار احمد نے 2 وکٹیں حاصل کیں، محمد وسیم جونیئر اور صائم ایوب نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔سری لنکا کے 184 رنز کے جواب میں پاکستانی ٹیم 7 وکٹوں کے نقصان پر 178 رنز بناسکی۔
پاکستان کی جانب سے کپتان سلمان علی آغا 63 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ عثمان خان نے 33 اور محمد نواز نے27 رنز بنائے۔
پاکستانی اسکواڈ میں آج دو تبدیلیاں کی گئیں، نسیم شاہ اور عثمان طارق کی جگہ سلمان مرزا اور ابرار احمد کو شامل کیا گیا ۔
سری لنکا کی جانب سے زمبابوے کے خلاف کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کو برقرار رکھا گیا اور کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ٹرائی نیشن سیریز کا فائنل ہفتے کو پاکستان اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائےگا۔













