
پاکستان اور قازقستان کی مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق “دوستارِم–V” چرات میں اختتام پذیر
پاکستان اور قازقستان کی مشترکہ انسدادِ دہشت گردی مشق “دوستارِم–V” چرات میں کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔دو ہفتے جاری رہنے والی اس مشق میں پاکستان آرمی کے اسپیشل سروسز گروپ (SSG) اور قازقستان کی اسپیشل فورسز کی جنگی ٹیموں نے شرکت کی۔ دونوں ممالک کے دستوں نے مشق کے دوران پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور اعلیٰ عملی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔
مشق کا مقصد انسدادِ دہشت گردی کے آپریشنز میں عملی مہارت، طریقۂ کار اور حکمتِ عملی کو مزید بہتر بنانا تھا، ساتھ ہی دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات کو مزید مضبوط بنانا بھی اس کا اہم حصہ تھا۔
اختتامی تقریب میں اسپیشل آپریشنز اسکول چرات کے کمانڈنٹ نے بطورِ مہمانِ خصوصی شرکت کی، جبکہ قازقستان کے سفیر اور ڈیفنس اتاشی نے بھی تقریب میں شرکت کر کے دونوں ممالک کی افواج کے درمیان تعاون کو سراہا۔یہ مشق پاکستان اور قازقستان کے درمیان بڑھتے ہوئے دفاعی تعاون اور علاقائی امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کی عکاس ہے۔













