بسم اللہ الرحمن الرحیم

قومی

پاکستان اور پولینڈ کا مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق

پاکستان اور پولینڈ نے تجارت، توانائی، انفراسٹرکچر، دفاع، انسدادِ دہشت گردی، سائنس و ٹیکنالوجی اور تعلیم سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق کیا ہے۔یہ بات نائب وزیرِاعظم و وزیرِخارجہ اسحاق ڈار نے اپنے پولش ہم منصب رادوسلاف سِکورسکی کے ہمراہ اسلام آباد میں مشترکہ پریس بریفنگ کے دوران کہی۔اسحاق ڈار نے بتایا کہ وفود کی سطح پر ہونے والی بات چیت میں پاکستان اور پولینڈ کے دوطرفہ تعلقات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا، جو مثبت سمت میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی حجم ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرچکا ہے، جبکہ تجارت اور اقتصادی تعاون کے مزید فروغ کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
وزیرِخارجہ نے کہا کہ ملاقات میں جنوبی ایشیا، افغانستان، یورپ اور مشرقِ وسطیٰ کی علاقائی اور عالمی صورتِ حال پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ انہوں نے پولش وفد کو بھارت کی بلا اشتعال جارحیت پر پاکستان کے تحفظات سے آگاہ کرتے ہوئے جموں و کشمیر کے تنازع کے منصفانہ حل پر زور دیا، تاکہ کشمیری عوام کی امنگوں اور اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ حل ہوسکے۔اس موقع پر اسحاق ڈار نے طالبان حکومت کی زیادتیوں اور افغانستان میں موجود شدت پسند تنظیموں، بالخصوص “فتنہ الخوارج” اور “فتنہ الہند” کی سرگرمیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ ان عناصر کے حملے پاکستان کے لیے ایک بڑا سیکیورٹی چیلنج ہیں۔
وزیرِخارجہ نے دوطرفہ تعلقات کو جامع اور باہمی فائدے پر مبنی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔پولینڈ کے نائب وزیرِاعظم رادوسلاف سِکورسکی نے کہا کہ ان کا ملک تجارت، مالیات، فِن ٹیک اور واٹر مینجمنٹ سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے، جبکہ معدنیات اور توانائی کے شعبوں میں اشتراکِ عمل پر بھی بات چیت ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ پولینڈ میں پاکستانی طلبہ اور پیشہ ور افراد کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہے، اور پولش جامعات نوجوان پاکستانیوں کے درمیان مقبولیت حاصل کر رہی ہیں۔رادوسلاف سِکورسکی نے کہا کہ ان کا ملک قانونی ہجرت اور حقیقی تعلیمی سرگرمیوں کی حوصلہ افزائی کرتا ہے، تاہم غیر قانونی ہجرت کے حوالے سے زیرو ٹالرنس کی پالیسی برقرار رکھے گا۔علاقائی و عالمی امور پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے یوکرین میں جامع، منصفانہ اور دیرپا امن کے لیے پولینڈ کے عزم کا اعادہ کیا اور غزہ میں امن و انصاف کی حمایت پر بھی زور دیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے درمیان دو مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن کے تحت باقاعدہ دوطرفہ مشاورت اور اسلام آباد کے انسٹی ٹیوٹ آف اسٹریٹجک اسٹڈیز اور پولش انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل افیئرز کے درمیان تعاون کو فروغ دیا جائے گا۔

اشتہار
Back to top button