
وزیراعظم شہباز شریف سے نوجوان ڈیجیٹل مواد تخلیق کار طلحہ احمد کی ملاقات
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہفتہ کے روز معروف نوجوان ڈیجیٹل مواد تخلیق کار طلحہ احمد سے ملاقات کی اور ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہا۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق، ملاقات کے دوران وزیراعظم نے ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر طلحہ احمد کی کامیابیوں کو سراہتے ہوئے انہیں ملک کے باصلاحیت نوجوانوں کے لیے ایک مثبت مثال قرار دیا۔
وزیراعظم نے طلحہ احمد کی تخلیقی محنت اور کامیابیوں کے اعتراف میں انہیں ایک اعزازی شیلڈ اور الیکٹرانک ٹیبلٹ پیش کیا۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان، خصوصاً بچے، دنیا بھر میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا رہے ہیں اور طلحہ احمد ایسی ہی باصلاحیت نسل کی نمائندگی کرتے ہیں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے میدان میں نوجوانوں کی تخلیقی سرگرمیوں کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے تاکہ پاکستان عالمی سطح پر اپنا مثبت اور جدید چہرہ پیش کر سکے۔
ملاقات کے دوران طلحہ احمد نے وزیراعظم کی جانب سے پذیرائی اور حوصلہ افزائی پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ مستقبل میں بھی معیاری اور مثبت مواد تخلیق کرتے رہیں گے تاکہ نوجوانوں میں شعور اور آگاہی کو فروغ دیا جا سکے۔