![](/wp-content/uploads/2025/02/University-of-Education-Lahore-Joharabad-Campus-wins-the-intra-university-theater-competition-of-Punjab-Natak-Takra-2025-08-Feb-2025-NEWS.com_.pk_.webp)
پنجاب ناٹک ٹاکرا 2025 ءکے انٹرا یونیورسٹی تھیٹر مقابلے میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور جوہرآباد کیمپس نے میدان مار لیا
پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف لینگوئج آرٹس اینڈ کلچر(پلاک) کے زیر اہتمام پنجاب ناٹک ٹاکرا 2025 ءکے انٹرا یونیورسٹی تھیٹر مقابلے میں یونیورسٹی آف ایجوکیشن لاہور جوہرآباد کیمپس (خوشاب) نے میدان مار لیا۔ "پانی” کے نام سے لکھا گیا تھیٹر پلے سیکرٹری رموز تنظیم، شاعر و ڈراما نگار عدیل عباس عادل کی تحریر و ہدایات میں گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے تاریخی ہال بخاری آڈیٹوریم میں 16 جنوری کو کھیلا گیا۔
مذکورہ ڈراما کے اداکاروں میں صدر ڈرامیٹکس سوسائٹی حامد محمود، ممتاز ممبران کاشف اشرف، سالک اعوان، سعدیہ ستار، شاہ پارہ بلوچ، ذیشان منیر، شاہد فاروق، مہوش ملک، محمد تنویر، عثمان مانی، مزمل امین، ثنا ارشد ، آفرین شہزادی، منیبہ نذر ، حافظ بلال، محمد ہاشم اور رضوان عقیل نے اداکاری کے جوہر دکھائے۔ تکنیکی امور میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر نذر عباس نے روشنی اور رانا بلال نے موسیقی کی اہم ذمہ داری سنبھالی۔
پنجاب بھر کی جامعات سے منتخب ہونے والے 15 سکرپٹس کو مختلف یونیورسٹیوں کی ڈرامیٹکس سوسائیٹیز نے 4 دن تک جاری رہنے والے ناٹک مقابلے میں رنگا رنگ انداز سے اسٹیج کیا۔
ڈرامیٹکس سوسائٹی یو ای جوہرآباد کیمپس کی طرف سے کھیلا گیا ڈراما "پانی” گلوبل وارمنگ کے نتیجے میں وادی سون خوشاب کے پانی اور فطرت پر ہونے والے مضر اثرات سے متعلقہ تھا۔
ڈی جی پلاک محترمہ بینش فاطمہ ساہی، ڈپٹی ڈائریکٹر شفاعت عباس بلوچ، مقابلے کے ججز ڈائریکٹر پروگرامز (پلاک) خاقان حیدر غازی، معروف ڈراما نگار شاہد ندیم اور ہدایت کارہ رخسانہ خان کے علاوہ فنون و ادب سے تعلق رکھنے والی دیگر ممتاز شخصیات نے ڈراما "پانی” کی منفرد کہانی، جاندار مکالموں اور عمدہ اداکاری کے ساتھ شاندار پیش کش کو خوب سراہتے ہوئے ہیڈ ایڈوائزر سوسائٹی عدیل عباس عادل، انچارج سوسائٹی پروفیسر حنا دلدار اور جوہرآباد کیمپس کے پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر اکرام اللہ لالی سمیت پورے خوشاب کو مبارک باد پیش کی۔ ونر ٹیم کو ٹرافی ، اعزازی سرٹیفیکیٹس اور تین لاکھ نقد رقم بطور انعام پیش کی گئی۔
یاد رہے پچھلے سال بھی خوشاب ٹیم نے بہترین کارکردگی کی بنیاد پر مقابلے کا دوسرا انعام اپنے نام کیا تھا۔