سپریم کورٹ کے سابق جج و لاپتا افراد کمیشن کے نئے مقرر کردہ سربراہ فقیر محمد کھوکھر انتقال کر گئے۔ جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر کی نماز جنازہ آج بعد نماز عصر شام 4 بجکر 15 منٹ پر لاہور میں ادا کر دی گئی ہے۔
واضح رہے کہ 22 جنوری کو ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے سپریم کورٹ کے آئینی بینچ کو بتایا ہے کہ وفاقی حکومت نے جسٹس (ر) فقیر محمد کھوکھر کو لاپتا افراد کمیشن کا نیا سربراہ مقرر کردیا ہے۔جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 6 رکنی آئینی بینچ کی جانب سے لاپتا افراد کے دیرینہ مسئلے پر سپریم کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران ملک جاوید اقبال نے بتایا تھا کہ سابق جج فقیر محمد کھوکھر کو جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جگہ کمیشن کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا ہے۔
سابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کو 2011 میں لاپتا افراد کمیشن کا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے تقرر کے وقت جسٹس ریٹائرڈ فقیر محمد کھوکھر لاہور کے سروسز ہسپتال میں زیر علاج تھے اور ان کی صحت کے بارے میں تشویشناک خبریں سامنے آرہی تھیں۔