اظہار رائے کی آزادی ہے اور حکومت میڈیا کی تعمیری تنقید کا خیر مقدم کرتی ہے، وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ملک میں اظہار رائے کی آزادی ہے اور حکومت میڈیا کی تعمیری تنقید کا خیر مقدم کرتی ہے۔پاکستان براڈکاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد نے وزیرِاعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جس میں شہباز شریف کا کہنا تھا حکومت اور میڈیا کا باہمی اعتماد کا رشتہ ہے، حکومتی پالیسیوں پر میڈیا کی تعمیری تنقید گورننس کی بہتری کے لیے بہت ضروری ہے اور میڈیا کی تعمیری تنقید کا حکومت خیر مقدم کرتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں اظہار رائے کی مکمل آزادی ہے، میڈیاملکی ترقی اور گورننس کی بہتری میں اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا، حکومت میڈیا کے ریاست کا چوتھا ستوں ہونے پر یقین رکھتی ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ اڑان پاکستان مقامی طور پر تیار کردہ ملکی ترقی کا منصوبہ ہے، اس منصوبے کو میڈیا اور تمام اسٹیک ہولڈرز کے تعاون سے کامیاب بنائیں گے، پاکستان کی ترقی کی رفتار 2018 پر جہاں روکی گئی تھی وہیں سے دوبارہ شروع ہو چکی، برآمدات میں اضافہ، صنعتی و زرعی شعبےکی ترقی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ملک میں مہنگائی کی شرح اور شرحِ سود میں کمی کا سہرا معاشی ٹیم کو جاتا ہے، دوست اور برادر ممالک کے بھی انتہائی مشکور ہیں جن کے تعاون سے ڈیفالٹ کے دہانے سے واپس آکر معاشی ترقی کی طرف گامزن ہوئے۔انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کا نفاذ بھرپور طریقے سے جاری ہے، ایف بی آر کی مکمل ڈیجیٹلائزیشن پر کام تیزی سے جاری ہے، کسٹمز کے نظام کی بہتری کے لیے فیس لیس اسیسمنٹ کا نظام شروع کیا جا چکا ہے جس سے محصولات میں اضافے، شفافیت اور کرپشن کے خاتمے میں معاونت ملے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پوری قوم نے قربانیاں دی ہیں، افواج پاکستان اور قوم دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھے گی۔شہباز شریف نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ثمرات ملنا شروع ہو گئے ہیں، سی پیک کے منصوبوں کی جلد تکمیل کیلئے حکومت دن رات کوشاں ہے، پاکستان کی معاشی سلامتی کیلئےاپنی سیاست کی قربانی دی، ڈیفالٹ کا خواب دیکھنے والا ملک دشمن ٹولہ باربار اسلام آباد پرچڑھائی کی کوشش کرتا ہے، ایسے عناصر کو پاکستان کا معاشی استحکام اور ترقی ہضم کرنا مشکل ہو رہا ہے۔