چند امیر لوگوں کے ہاتھوں میں طاقت آنے سے فکر مند ہوں، جوبائیڈن
امریکی صدر جوبائیڈن نے قوم سے الوداعی خطاب میں کہا کہ ان کے دور حکومت میں امریکا نے بڑے چیلنجز کا سامنا کیا، چین نہیں امریکا کو دنیا کی قیادت کرنی ہے۔بدھ کو وائٹ ہاؤس سے امریکی صدر جو بائیڈن نے قوم سے الوداعی خطاب کیا۔
جو بائیڈن نے کہا کہ نائب صدر کمالا ہیرس اور ٹیم کے ساتھ کی وجہ سے حکومت نے میرے دور میں مشکلات عبور کیں،ہمیں امریکا میں جمہوریت کو محفوظ بنانا ہے،چند امیر لوگوں کے ہاتھوں میں طاقت آنے پر فکر مند ہوں۔
جوبائیڈن نے کہا موجودہ دور میں سوشل میڈیا پر مس انفارمیشن اور ڈس انفارمیشن کا دور ہے جس سے ہمیں اپنی نئی نسل کو بچانا،مصنوعی ذہانت کو حفاظتی انتظامات کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ چین نہیں امریکا کو دنیا کی قیادت کرنی ہے۔
اس کے علاوہ جو بائیڈن نے غزہ جنگ بندی معاہدے کا بھی خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ امریکا نے بہترین سفارتکاری کی، اگلے مرحلےمیں امریکی یرغمالیوں کی رہائی شامل ہوگی، غزہ جنگ بندی کے لیے میری ٹیم اور ڈونلڈٹرمپ نے مل کر کام کیا۔
جو بائیڈن نے کہا کہ لبنان میں جنگ بندی اور ایران کے کمزور ہونے کے بعد حماس پر دباؤ تھا، بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر حماس کو جنگ بندی کے لیے مجبور کیا۔آخر میں صدر جوبائیڈن نے ٹرمپ انتظامیہ کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔واضح رہے کہ نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تقریب حلف برداری 20 جنوری کو منعقد ہوگی۔