سول ڈیفنس آفیسر خوشاب کی طرف سے سال 2024 ءکی کارکردگی رپورٹ
سول ڈیفنس آفیسر خوشاب کی طرف سے سال 2024 ءکی کارکردگی رپورٹ جاری کر دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال کے دوران دفتر سول ڈیفنس نے فنانس اور عملہ کی بے انتہا کمی کے باوجود شبانہ روز کار سفرجاری رکھتے ہوئے حکومت پنجاب کیساتھ ساتھ ضلعی انتظامیہ کیطرف سے مقرر شدہ احداف کا حصول یقینی بنایا۔ اس سلسلہ میں گزشتہ سال میں ضلع میں سول ڈیفنس انسٹرکٹرز کی تمام آسامیاں خالی ہونے کے باوجود 10 مختلف اداروں میں آگ کے حادثات کی روک تھام اور پیشگی حفاظتی انتظامات سے متعلق تربیتی کورسز کا اہتمام کروایا گیا جہاں 375 افراد کو تربیت کے ساتھ ساتھ حفاظتی انتظامات کے حوالہ سے عملی مشقیں کروائی گئیں۔
سال 2024 کے دوران عوامی آگاہی کے سلسلہ میں مختلف اداروں میں 09 سیمینار منعقد ہوئے، صنعتی اداروں کے ورکرز اور منتظمین کی آگاہی کیلئے 02 واک ریلیز منعقد کروائی گئیں، 65 فلیکسز آویزاں کئے گئے جبکہ 9000 کے قریب طبع شدہ پمفلٹ تقسیم کئے گئے۔
حکومت پنجاب اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے تفویض کردہ فرائض کے مطابق انسانی جان و مال کے تحفظ کی خاطر گیس ڈیکنٹنگ کی روک تھام کیلئے 906 جبکہ پٹرولیم مصنوعات کے غیر قانونی کاروبار کی روک تھام کیلیئے ضلع بھر میں 458 کارروائیاں کی گیئں۔ غیر قانونی کاروبار کے 317 مراکز بند کیے گئے جبکہ قانون شکنی کے الزام میں 248 افراد کے خلاف مقدمات درج کروائے گے۔
غیر قانونی اور غیر محفوظ کاروبار کر نے والے افراد سے 15 لاکھ روپے جرمانہ وصول کیا اورحکومتی خزانے میں جمع کروایا گیا۔سول ڈیفنس بم ڈسپوزل سکواڈ نے سال 2024کے دوران 2973 مقامات کی ٹیکنیکل سویپنگ کی 03 تھریٹ کال اٹنڈ کیں، بارودی مواد پر مشتمل 03 ڈیوائسز محفوظ بنائیں جبکہ 01 دستی بم کو ناکارہ بنایا۔