گورنمنٹ ہائی سکول جھرکل کے ہر دلعزیز ٹیچر مختار احمد بھٹی مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائر
گورنمنٹ ہائی سکول جھرکل کے ہر دلعزیز ٹیچر مختار احمد بھٹی مدت ملازمت پوری ہونے پر ریٹائرڈ ہو گئے۔ ان کے اعزاز میں ان کے ادارہ کے جملہ سٹاف کی طرف سے ایک پروقار الوداعی پارٹی کا انعقاد کیا گیا۔
اس پر وقار تقریب کی صدارت ہیڈ ماسٹر ادارہ ہذا ملک الطاف حسین جاڑانے کی۔ تقریب میں اساتذہ کرام اور طلباء نے بھرپور شرکت کی جبکہ ایکس پریزیڈنٹ پنجاب ٹیچرز یونین تحصیل نورپور تھل حاجی اعجاز حسین بھٹی بھی زینت محفل تھے ۔ اس موقع پر مقررین نے ریٹائرڈ ہونے والے پی ای ٹی مختار احمد بھٹی کی ادارے کے لیے تعلیمی خدمات کو شاندار الفاظ میں سراہا اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
مختار احمد بھٹی نے اپنے خطاب میں اپنے اعزاز میں پروقار تقریب کے انعقاد پر اپنے جملہ رفقائے کار کا تہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ سب کی بے پایاں محبتوں، چاہتوں ،مروتوں اور عزتوں کو کبھی بھی فراموش نہیں کر سکوں گا۔ دوران تقریب سٹاف اور طلباء کی طرف سے ریٹائرڈ ہونے والے ہردلعزیز ٹیچر مختار احمد بھٹی کو تحائف بھی پیش کیے گئے۔ قبل ازیں سکول میں پہنچنے پر پی ای ٹی مختار احمد بھٹی کا پھولوں کی پتیاں نچھاور کر کے پرتپاک استقبال بھی کیا گیا۔
دریں اثناء پنجاب ٹیچرز یونین ضلع خوشاب کے جنرل سیکرٹری ملک شوکت حیات شاہی کھرل نے ریٹائرڈ ہونے والے پی ای ٹی مختار احمد بھٹی کو مدت ملازمت پوری ہونے پر دلی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گورنمنٹ ہائی سکول جھرکل میں تعیناتی سے قبل 23 سال تک گورنمنٹ ہائیرسیکنڈری سکول مٹھہ ٹوانہ میں اپنے فرائض منصبی بطریق احسن سر انجام دیتے ہوئے طلباء کی ہمہ جہتی تعلیم و تربیت کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ۔